اسلام آباد،لاہور سمیت مختلف علاقوں میں بارش ‘حبس برقرار

پنجاب،خیبرپختونخوا‘  آزاد کشمیر  اور کراچی سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے:محکمہ موسمیات
 آبی ذخائر 5 ماہ میں  مکمل بھر گئے،زرعی اور گھریلو ضروریات کیلئے  پانی کی فراہمی میں بہتری

اسلام آباد،کراچی (آئی این پی ) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آ ئندہ 24گھنٹوں میں  سلام آباد، پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں  چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔پاکستان میں مون سون کا سیزن جاری ہے جس کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں بادل برس رہے ہیں۔  اتوار کی  صبح اسلام آباد اور لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ۔  لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی  ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ بارش کے باوجود حبس برقرار ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔دریں اثناء ملک میں آبی ذخائر 5 ماہ کے دوران نچلی ترین سطح سے بلند ہوکر اب تقریبا مکمل بھر چکے ہیں۔ تربیلا، منگلا اور چشمہ بیراج میں پانی کی سطح تیزی سے اضافہ جاری ہے۔ اس سے زرعی اور گھریلو ضروریات کیلئے  پانی کی فراہمی میں بہتری آئی ہے۔ترجمان واپڈا کے مطابق اس وقت ملک میں قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ ایک کروڑ 3 لاکھ 45 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ چکا ۔  جو مجموعی آبی ذخائر کی گنجائش کا تقریبا 80 فیصد ہے۔ مارچ میں یہ ذخیرہ صفر ہو گیا تھا اور بڑے ڈیمز ڈیڈ لیول پر پہنچ گئے تھے۔