بیشتر علاقوں میں آج گرمی اور شدید حبس، چند مقامات پر بارش

 بحیرہ عرب سے آنیوالی مون سون ہوائیں بالائی اور وسطی علاقوں میں مسلسل داخل 
 لاہور ، دیگر اضلاع میں نشیبی علاقے زیر آب آنے ، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ
اسلام آباد (بیورو رپورٹ)محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس رہنے کی پیش گوئی کر دی تا ہم کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں اوراس میں شدت کا امکان ہے۔اس موسمی نظام کے زیر اثر آزاد جموں وکشمیر،گلگت بلتستان میں آج 18 جولائی سے 25 جولائی تک ،پختونخوا،بلوچستان ،پنجاب اور اسلام آباد میں کل 19 جولائی سے 23 جولائی کے ،سندھ کے چند علاقوں میں 20 جولائی سے 24جولائی کے دوران تیز ہوائوں / آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے ۔20 سے 23 جولائی کے دوران اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد میں موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے، 20 سے 25 جولائی کے دوران پختونخوا ، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ ، شمال مشرقی پنجاب کے پہاڑی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے،متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔