ساتھی فرار ہو گیا ، زخمی ملزم کے خلاف 93 مقدمات، اسلحہ موبائل برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) ملت پارک پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران ریکارڈ یافتہ ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق نیشنل بینک کالونی میں دو ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا تو ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے موٹرسائیکل پر فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس کے تعاقب اور جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا، جبکہ رضوان نامی ملزم فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان کے مطابق گرفتار زخمی ملزم ڈکیتی، اسنیچنگ اور جھپٹا مارنے سمیت 93 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ ملزم کے قبضے سے موبائل فون، پستول اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔ زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔