ڈریم لینڈ سٹی کے قریب چک نمبر 45 ڈبلیو بی میں 6افرادنے سی سی ڈی پرفائرنگ کی
دوطرفہ فائرنگ میں اہلکارنعیم زخمی ،ملزم نذر،اکرم اورتنویراحمد موقع پر مارے گئے
وہاڑی،گگومنڈی (خصوصی رپورٹ)وہاڑی میں مبینہ پولیس مقابلے میں3 ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک اور ایک کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔ بتایاگیاہے کہ سی سی ڈی وہاڑی کی ٹیم ڈریم لینڈ سٹی کے قریب چک نمبر 45 ڈبلیو بی میں معمول کے گشت پر تھی کہ واردات کی نیت سے کھڑے چھ افراد نے پولیس پارٹی پر اچانک فائرنگ کر دی،دوطرفہ فائرنگ کے دوران کانسٹیبل نعیم شوکت گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جبکہ تین نامعلوم ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگئے اورتین فرارہوگئے،ہلاک ملزموں اور زخمی کانسٹیبل کو ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی منتقل کیا گیاتووہاں ہلاک ملزموں کی شناخت نذر محمد سکنہ دولت آباد لڈن، اکرم سکنہ 23 ڈبلیو بی اور تنویر احمد سکنہ ضلع نارووال کے ناموں سے ہوئی، جو وہاڑی، سیالکوٹ، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ اور نارووال کے تھانوں میں متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ملزموں نے دو روز قبل تھانہ ٹھینگی کی حدود میں ایک گھر میں ڈکیتی بھی کی تھی۔