اطلاع پر ناکہ بندی، پولیس مقابلے میں دو ملزمان گرفتار، ایک فرار، اسلحہ برآمد ہوا
لاہور (کرائم رپورٹر) لاری اڈہ میں 15 پر سنیچنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری ناکہ بندی کی۔ چیکنگ کے دوران تین موٹر سائیکل سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی اور موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے حفاظتِ خود اختیاری کے تحت کارروائی کی، جس کے دوران ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ دو ملزمان اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو کر گرفتار کر لیے گئے۔ زخمی ملزمان کی شناخت عمران اور مون کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق گرفتار ملزمان ڈکیتی، سنیچنگ اور جھپٹا مارنے کی 60 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 4 موبائل فون، 2 پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی، جبکہ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔