موچی گیٹ میں آتش بازی کا سامان برآمد، ملزم گرفتار

 پولیس کا دکان پر چھاپہ، 25 توڑے آتش بازی کا سامان برآمد، مقدمہ درج
لاہور (کرائم رپورٹر) موچی گیٹ پولیس نے آتش بازی کے سامان کی غیرقانونی خرید و فروخت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک دکان پر چھاپہ مار کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان برآمد کرلیا۔ پولیس نے ملزم ذوہیب کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم خفیہ طور پر دکان میں آتش بازی کا سامان ذخیرہ کرکے فروخت کرتا اور لاہور کے مختلف علاقوں میں اس کی ترسیل بھی کرتا تھا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے آتش بازی سے بھرے 25 توڑے برآمد ہوئے۔ ایس ایچ او موچی گیٹ عاقب اور سب انسپکٹر اخلاق نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جبکہ مؤثر کارروائی پر موچی گیٹ پولیس ٹیم کو شاباش بھی دی گئی۔