ورلڈ ایتھلیٹکس نے اعلان کیا ہے کہ خواتین کے ایونٹس میں شرکت کرنے والی تمام کھلاڑیوں کے لیے جینڈر ٹیسٹ لازمی ہوگا۔
تنظیم کے مطابق اس اقدام کا مقصد خواتین کے مقابلوں میں شفافیت اور منصفانہ سطح کو یقینی بنانا ہے۔ کھلاڑی کو ’’ایس آر وائی‘‘ نامی ٹیسٹ اپنی زندگی میں صرف ایک بار کرانا ہوگا۔ورلڈ ایتھلیٹکس نے وضاحت کی کہ صرف وہی کھلاڑی خواتین کیٹیگری میں حصہ لے سکیں گی جن کے ٹیسٹ کے نتائج منفی ہوں گے۔ عالمی چیمپیئن شپ میں شرکت کی خواہشمند ایتھلیٹس کو یکم ستمبر تک اپنے ٹیسٹ کے نتائج جمع کرانے ہوں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق ٹرانسجینڈرز کو خواتین کے کھیلوں میں مقابلوں سے روک دیا تھا۔