امریکی اولمپک کمیٹی کا بڑا فیصلہ: ٹرانس جینڈر ایتھلیٹس خواتین کے کھیلوں میں شریک نہیں ہوں گے

امریکی اولمپک کمیٹی کا بڑا فیصلہ: ٹرانس جینڈر ایتھلیٹس خواتین کے کھیلوں میں شریک نہیں ہوں گے

امریکی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی (USOPC) نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹرانس جینڈر کھلاڑیوں کو خواتین کے مقابلوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ اقدام سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جاری کردہ ایگزیکٹو آرڈر کے تحت اٹھایا گیا، جس کا مقصد خواتین کے کھیلوں میں صنفی بنیاد پر شفاف اور منصفانہ مقابلے کو یقینی بنانا ہے۔اولمپک کمیٹی نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ وہ اس فیصلے کو نافذ کرنے کے لیے مختلف اسٹیک ہولڈرز، کھیلوں کی تنظیموں اور حکومتی اداروں سے مشاورت جاری رکھے گی۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایگزیکٹو آرڈر 14201 اور "ٹیڈ سٹیونز اولمپک اینڈ ایمیچور اسپورٹس ایکٹ" کے مطابق خواتین ایتھلیٹس کے لیے محفوظ اور مساوی مواقع فراہم کرنے کی کوشش ہے۔یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے رواں سال فروری میں اس حکم نامے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت 2028 میں لاس اینجلس میں ہونے والے اولمپکس سمیت تمام کھیلوں کے مقابلوں میں ٹرانس جینڈر کھلاڑیوں کی شمولیت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، خصوصاً اُن افراد پر جو مرد سے عورت میں تبدیلی کراچکے ہوں اور خواتین کے کھیلوں میں حصہ لینے کے خواہاں ہوں۔اس آرڈر کے تحت امریکی محکمہ انصاف اور تمام سرکاری اداروں کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں بھی اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ کسی بھی سطح پر خواتین کے کھیلوں میں صنفی عدم توازن پیدا نہ ہو۔

یہ فیصلہ امریکہ میں جاری اس قومی سطح کی بحث کا تسلسل ہے، جس میں خواتین کے کھیلوں میں ٹرانس جینڈر ایتھلیٹس کی شرکت کو لے کر شدید تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ ناقدین کا مؤقف ہے کہ ٹرانس جینڈر خواتین (یعنی پیدائشی مرد جو خود کو خواتین کے طور پر شناخت کرتے ہیں) جسمانی طور پر برتری رکھتے ہیں، جس سے خواتین ایتھلیٹس کے لیے مقابلہ غیرمنصفانہ ہو جاتا ہے۔ٹرمپ نے اس پالیسی کو "خواتین کے کھیلوں کا تحفظ" قرار دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ امریکی ثقافت، روایات اور انصاف کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ضروری تھا کہ کھیلوں کے میدان میں حیاتیاتی فرق کو تسلیم کیا جائے۔یہ اقدام بلاشبہ امریکہ اور دنیا بھر میں ایک نئی بحث کو جنم دے گا، جس میں انسانی حقوق، صنفی شناخت، اور کھیلوں میں برابری کے اصولوں کے درمیان توازن تلاش کرنا ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔