لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز کے خلاف چیک ڈس آنر کے مقدمے کے اندراج کے احکامات کالعدم قرار دے دیے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے سلمان شہباز کی درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا۔سلمان شہباز کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سیشن کورٹ نے 10 جولائی کو چیک ڈس آنر کے مقدمے کے اندراج کا حکم دیا جو قانون کے منافی اور حقائق کا جائزہ لیے بغیر جاری کیا گیا۔درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ سیشن کورٹ کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سیشن کورٹ کا مقدمہ درج کرنے کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے سلمان شہباز کو ریلیف دے دیا۔