وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیرداخلہ محسن نقوی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر اسلام آباد کی عدالت نے پولیس کو آخری موقع دے دیا
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ تاہم، پولیس کی جانب سے تاحال جواب جمع نہیں کروایا جا سکا۔عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس مسلسل تاخیر کر رہی ہے اور اس سے قبل بھی تاریخیں لی جا چکی ہیں۔ ڈی ایس پی لیگل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایس ایچ او لال مسجد کے معاملے میں مصروف ہیں، لہذا مزید دو ہفتے کا وقت دیا جائے۔ تاہم، عدالت نے واضح کیا کہ یہ آخری موقع ہے، آئندہ سماعت پر جواب ہر صورت جمع کرایا جائے۔
یہ درخواست شہری گل خان نے دائر کی تھی، جن کا بیٹا مبینہ طور پر 26 نومبر کے احتجاج میں فائرنگ سے جاں بحق ہوا تھا۔ عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ گل خان کی 22-A کی درخواست پہلے ہی عدم پیروی کے باعث خارج ہو چکی ہے۔آئندہ سماعت میں پولیس کی رپورٹ جمع نہ کروانے کی صورت میں عدالت مزید سخت اقدامات لے سکتی ہے۔