کراچی(یواین پی)سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تمام صنعتی و تجارتی اداروں میں کام کرنے والے مزدوروں کے لیے کم از کم ماہانہ اُجرت 40 ہزار روپے مقرر کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جو یکم جولائی سے نافذ العمل ہوگا۔وزیر محنت سندھ شاہد تھہیم کا کہنا ہے کہ نیم ہنر مند افراد کی ماہانہ اُجرت 41,380 روپے، ہنر مندوں کی اُجرت 49,628 روپے اور اعلیٰ ہنر مند کی اُجرت 51,745 روپے مقرر کی ہے۔یہ اُجرت تمام رجسٹرڈ و غیر رجسٹرڈ صنعتی و تجارتی اداروں پر یکساں لاگو ہوگی جب کہ مرد و خواتین مزدوروں کو برابری کی بنیاد پر اُجرت دی جائے گی۔ ایسے تمام ادارے جہاں مزدوروں کو فی گھنٹہ اُجرت دی جاتی ہے انہیں کم از کم 192 روپے فی گھنٹہ ادائیگی یقینی بنانا ہوگی۔