پنجاب میں اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، سپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر کے دوران شہریوں کو ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا‘ہر رجسٹرڈ بائیک والے شہری کو 20 لٹر پر 100 روپے سبسڈی ملے گی
کاشتکاروں کو فی ایکڑ فی لٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی‘مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان غیر معمولی حالات میں شہری ذاتی سواری کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں:مریم نواز
سندھ میں شہریوں کو 2ہزار روپے سبسڈی براہ راست فراہم کی جائے گی ‘ صوبے میں تقریباً 67 لاکھ موٹر سائیکل رجسٹرڈ ہیں، سب سڑکوں پر استعمال نہیں ہوتیں، جس کے باعث سبسڈی کے نفاذ میں پیچیدگیاں ہیں:وزیراعلی مراد علی شاہ
لاہور‘کراچی (سپیشل رپورٹر‘بیورو رپورٹ) صوبائی حکومت نے پنجاب کے تمام شہروں کے اندر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنے کا اعلان کر دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے زراعت، خوراک اور کسان کے تحفظ کے لیے نقد رقم دی جائے گی، کاشتکاروں کو فی ایکڑ فی لٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی۔ریلیف پیکج کے مطابق اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، سپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر کے دوران شہریوں کو ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا۔حکومت نے موٹر سائیکل سواروں کو سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے، ہر رجسٹرڈ بائیک والے شہری کو 20 لٹر پر 100 روپے سبسڈی ملے گی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے تاریخی عالمی بحران میں پنجاب کے عوام کے ریلیف کے لیے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے عالمی بحران کے باوجود ایک ماہ تک پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور نرخ برقرار رکھنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ایک ماہ میں اربوں روپے کا ریلیف دے کر وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو مشکلات سے بچانے کی بھرپور اور مخلصانہ کوشش کی، وزیراعظم شہباز شریف نے بدترین معاشی صورتحال میں عوام کو ریلیف دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان غیر معمولی حالات میں شہری ذاتی سواری کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں، جنگ کے نتیجے میں پوری دنیا شدید عالمی معاشی بحران کا شکار ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ پاکستان درآمدی تیل پر انحصار کی وجہ سے جنگ کے اثرات سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے، وعدہ ہے کہ حالات کی بہتری کے ساتھ ہی عوام کو معاشی بوجھ سے نجات دلائیں گے‘دریں اثناء سندھ حکومت نے ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل سوار کو ماہانہ 2 ہزار روپے کی سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے حالیہ فیصلے آسان نہیں تھے بلکہ وفاق اور چاروں صوبوں کی مشاورت سے کیے گئے، جن کا مقصد کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔انہوں نیے کہا سندھ میں تقریباً 67 لاکھ موٹر سائیکلز رجسٹرڈ ہیں، لیکن سب سڑکوں پر استعمال نہیں ہوتیں، جس کے باعث سبسڈی کے نفاذ میں پیچیدگیاں موجود ہیں، رجسٹریشن اور اصل استعمال میں فرق اور بعض موٹر سائیکلز کا مختلف افراد کے زیر استعمال ہونا بھی ایک بڑا چیلنج ہے، اس لیے شہریوں کو اپنی رجسٹریشن اپڈیٹ رکھنی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ سبسڈی کے لیے 20 ورکنگ ڈیز اور یومیہ ایک لٹر کے حساب سے طریقہ کار تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت ہر مستحق موٹر سائیکل سوار کو ماہانہ 20 لیٹر پر تقریباً 100 روپے فی لٹر سبسڈی دی جائے گی، یہ سبسڈی براہ راست فراہم کی جائے گی اور پٹرول پمپ پر فوری رعایت نہیں دی جائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کیلئے مفت کردی گئی،وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ فری کی،محسن نقوی کاکہناتھا کہ وزارت داخلہ مفت ٹرانسپورٹ کا 35کروڑ روپے کا بوجھ برداشت کرے گی۔