لاہور پریس کلب کے باہر جماعت اسلامی کا دھرنا جاری

 دھرنے کے شرکاء کو پانی، باتھ رومز، ناشتہ اور مناسب جگہ کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے‘سکیورٹی الرٹ
لاہور (زیڈ این این) جماعت اسلامی کی جانب سے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا جاری ہے، جس میں مظاہرین کی بڑی تعداد شریک ہو چکی ہے۔ذرائع کے مطابق، مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ جماعت اسلامی کے رہنما مولانا ہدایت اللہ کی جانب سے اسلام آباد روانگی کی کال کے منتظر ہیں، جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دھرنے کے شرکاء کو مکمل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جن میں صاف پانی، باتھ رومز، ناشتہ اور بیٹھنے کے لیے مناسب جگہ شامل ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مظاہرین پرامن ہیں اور شہر کی ٹریفک اور امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل رابطے میں ہیں۔ دھرنے کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے رینجرز الرٹ ہے۔