ایران کے خلیجی ساحلی شہر بندرعباس میں ایک رہائشی عمارت میں زور دار دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں عمارت کی دو منزلیں منہدم ہو گئیں جبکہ قریبی علاقے میں کھڑی متعدد گاڑیاں اور دکانیں بھی متاثر ہوئیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق دھماکا ہفتے کے روز بندرعباس کے معلم بلیوارڈ کے علاقے میں واقع آٹھ منزلہ رہائشی عمارت میں ہوا۔ دھماکے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں اور حکام کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔سرکاری میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کے فوری بعد ریسکیو، فائر فائٹنگ اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر پھنسے افراد کو نکالنے کا کام شروع کر دیا۔ علاقے کو حفاظتی خدشات کے پیش نظر گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے باعث عمارت کے اطراف موجود کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ قریبی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ تاہم جانی نقصان سے متعلق تاحال کوئی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آ سکی۔
ایرانی میڈیا نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ دھماکے کا ہدف پاسدارانِ انقلاب کے کسی کمانڈر کو بنایا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت اور پس منظر جاننے کے لیے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔مزید تفصیلات اور نقصانات کا تعین امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔