بولان: ریلوے ٹریک پر دھماکا، پٹڑی کو شدید نقصان، جانی نقصان نہیں ہوا

بولان: ریلوے ٹریک پر دھماکا، پٹڑی کو شدید نقصان، جانی نقصان نہیں ہوا

بلوچستان کے ضلع بولان میں ریلوے ٹریک کو دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں نامعلوم افراد نے لمجی کے قریب نبی بخش کراس کے مقام پر ریلوے پٹڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔

 ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ذرائع کے مطابق دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔سکیورٹی اہلکاروں نے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر دی اور سرچنگ کا عمل شروع کر دیا۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ دھماکے کی نوعیت اور اس میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کسی مسافر یا سکیورٹی اہلکار کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔واقعے کے بعد ریلوے ٹریک کی صورتحال اور ٹرینوں کی آمدورفت پر ممکنہ اثرات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔