بسنت فیسٹیول کے افتتاح و اختتام پر 30 کروڑ روپے کے اخراجات کا ابتدائی تخمینہ

بسنت فیسٹیول کے افتتاح و اختتام پر 30 کروڑ روپے کے اخراجات کا ابتدائی تخمینہ

لاہور: بسنت فیسٹیول کی افتتاحی اور اختتامی تقریبات پر ابتدائی طور پر 30 کروڑ روپے کے اخراجات کا تخمینہ سامنے آ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایونٹ کے وینڈر جلال صلاح الدین اینڈ پروڈکشن نے بسنت تقریبات پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات حکومت کو پیش کر دی ہیں۔ منصوبے کے تحت افتتاحی تقریب شاہی قلعہ جبکہ اختتامی تقریب آصف جاہ حویلی میں منعقد کی جائے گی، اور دونوں تقریبات میں 500 سے زائد مہمانوں کے لیے انتظامات کیے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔تخمینے میں فنکاروں کو دی جانے والی فیسیں بھی شامل ہیں۔ دستاویزات کے مطابق بسنت تقریبات میں شریک گلوکاروں کی بھاری فیسیں بھی اخراجات کا حصہ ہیں، جن میں:

فریحہ پرویز کے لیے 50 لاکھ روپے
ساحر علی بگا کے لیے 32 لاکھ روپے
عارف لوہار کی پرفارمنس کے لیے 55 لاکھ روپے
اس کے علاوہ ٹیکسز کی مد میں بھی 8 کروڑ روپے سے زائد رقم شامل کی گئی ہے۔

حکومت نے ایونٹ مینجمنٹ کمپنی “ایم کام” سے بھی بسنت تقریبات کے انتظامات سے متعلق تجاویز طلب کی ہیں، جو اس سے قبل ہارس اینڈ کیٹل شو جیسے بڑے سرکاری ایونٹس کا کامیاب انعقاد کر چکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بسنت تہوار کے مجموعی اخراجات اور انتظامات کے حوالے سے حکومت جلد حتمی فیصلہ کرے گی۔