اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2025 کے سیلاب کے نقصانات کا تفصیلی جائزہ اور ابتدائی تخمینہ دس روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔
اسلام آباد میں وزیرِاعظم کی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے احسن اقبال نے بتایا کہ صوبائی حکومتوں کا مؤقف ہے کہ سیلابی نقصانات کا حتمی اندازہ پانی اترنے کے بعد ممکن ہوگا، تاہم متاثرہ علاقوں میں بحالی اور امدادی کام جاری ہیں۔اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، چیئرمین این ڈی ایم اے، سیکریٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی اور صوبائی حکومتوں کے چیف سیکریٹریز نے بھی شرکت کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلاب سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے اور درست اعداد و شمار جلد جاری کیے جائیں گے، جنہیں عالمی اداروں کے تعاون سے تخمینہ لگایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے بڑا چیلنج ہے اور گلیشیئرز کے پگھلنے سے سیلاب کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے، اس لیے حکومت جامع قومی پلان تیار کر رہی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ بھارت نے قدرتی آفات میں سیاست کی ہے، اور اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔