بسنت فیسٹیول کے دوران لاہور میں بارش کا امکان نہیں: چیف میٹرولوجسٹ

بسنت فیسٹیول کے دوران لاہور میں بارش کا امکان نہیں: چیف میٹرولوجسٹ

لاہور: چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر ظہیر بابر نے بسنت فیسٹیول کے دوران لاہور میں موسم کے حوالے سے خوشگوار خبر دیتے ہوئے بارش کے امکان کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے اور شہریوں کو موزوں اور معتدل موسم کی پیشگوئی سنائی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 6 فروری سے 8 فروری تک منائے جانے والے بسنت فیسٹیول کے تینوں دن موسم سازگار رہے گا اور پتنگ بازی و دیگر تقریبات کے لیے حالات آئیڈیل ہوں گے۔ ان کے مطابق اس دوران بارش کا کوئی امکان نہیں، جس سے شہری بلا خوف و خطر بسنت کی رنگا رنگ سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ڈاکٹر ظہیر بابر نے بتایا کہ بسنت کے دنوں میں آسمان پر جزوی طور پر بادل موجود رہیں گے جبکہ ہلکی سے معتدل ہوائیں چلتی رہیں گی، جو موسم کو خوشگوار بنائے رکھیں گی۔

 ان کا کہنا تھا کہ رات کے اوقات میں موسم قدرے خنک رہے گا، تاہم دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق موسمِ بہار کی یہ فضا بسنت کے تہوار کو دوبالا کر دے گی اور شہری کھلے آسمان تلے تقریبات، پتنگ بازی اور دیگر سرگرمیوں سے بھرپور انداز میں لطف اٹھا سکیں گے۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ موسم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے حفاظتی تدابیر کو بھی مدنظر رکھیں تاکہ بسنت کی خوشیاں خوش اسلوبی سے منائی جا سکیں۔