لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاہور سے چوری شدہ مال صوبہ خیبر پختونخوا میں فروخت کرنے والے 4 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیالیاقت آباد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ضلع قصور میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کر کے حراست میں لیا۔ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر اے ایس پی ماڈل ٹاؤن کشمالہ فاروق کو خصوصی ٹاسک دیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں یہ کامیاب کارروائی عمل میں آئی۔ ایس پی شہربانو نقوی نے بتایا کہ ملزمان ریکی کے بعد موٹر سائیکل چوری اور موبائل سنیچنگ کی وارداتیں کرتے تھے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز میں انہیں دو مختلف وارداتیں کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان چوری شدہ مال مختلف ذرائع استعمال کرتے ہوئے صوبہ خیبر پختونخوا منتقل کرتے اور وہاں سستے داموں فروخت کر دیتے تھے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 14 موبائل فون، 4 چوری شدہ موٹر سائیکلیں، ایک لاکھ 40 ہزار روپے نقدی اور 2 پستول برآمد کر لیے گئے ہیں۔گرفتار ملزمان کی شناخت سانول، مرتضیٰ، مبین اور حسین کے ناموں سے ہوئی ہے، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران مزید انکشافات اور ریکوریاں متوقع ہیں۔