لاہور: پتنگ کی ڈور سے 10 سالہ بچہ زخمی، ڈی آئی جی آپریشنز کا سخت نوٹس

لاہور: پتنگ کی ڈور سے 10 سالہ بچہ زخمی، ڈی آئی جی آپریشنز کا سخت نوٹس

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے ویلنشیاء ٹاؤن میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے 10 سالہ بچے کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ذمہ دار پتنگ بازوں کی نشاندہی کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں کہ واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔فیصل کامران نے شہر بھر میں غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ دنوں کے علاوہ پتنگ بازی مکمل طور پر ممنوع ہے اور صرف اجازت یافتہ تاریخوں پر ہی پتنگ بازی کی اجازت ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی ایک جان لیوا جرم ہے، جس پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ یہ واقعہ گزشتہ شام تقریباً 5 بجے پیش آیا، جب مصطفیٰ آفندی نامی بچے کے گلے پر پتنگ کی ڈور آ گئی۔ واقعے کے فوراً بعد زخمی بچے کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے اور طبی امداد کے بعد اسی شام اسے ڈسچارج کر دیا گیا۔