پنجاب پولیس کی بسنت کے دوران دھاتی ڈور اور غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف سخت کارروائیاں

پنجاب پولیس کی بسنت کے دوران دھاتی ڈور اور غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف سخت کارروائیاں

پنجاب پولیس نے دھاتی ڈور اور غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور بسنت کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات جاری کر دیے ہیں۔

آئی جی پنجاب عثمان انور نے تین روزہ بسنت کے دوران ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا اور کہا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، فحاشی اور غیر اخلاقی رویوں پر قانون فوری طور پر حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر صوبہ بھر میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور لاہور میں بھی قوانین کے مطابق مخصوص دنوں میں ہی بسنت کی اجازت دی گئی ہے۔ آئی جی نے مزید کہا کہ یکم فروری سے پہلے لاہور میں پتنگوں اور ڈوروں کی خرید و فروخت کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں اب تک 2902 ملزمان گرفتار اور 2819 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ کارروائیوں کے دوران 2 لاکھ 36 ہزار 701 پتنگیں اور 4 ہزار 776 ڈور چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔ لاہور میں بھی سخت کارروائیوں کے تحت 1304 ملزمان گرفتار اور مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 79 ہزار 772 پتنگیں اور 1314 ڈور چرخیاں ضبط کی گئی ہیں۔