لاہور کے علاقے اسلامپورہ میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے موٹرسائیکل سوار 35 سالہ شہری زخمی ہوگیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پتنگ بازی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق سگیاں کا رہائشی غلام مصطفیٰ موٹرسائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ راستے میں پتنگ کی ڈور اس کے گلے پر پھر گئی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر اسلامپورہ پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی شہری کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا۔ایس پی سٹی کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پتنگ بازی میں ملوث چاند اور عثمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے ممنوعہ کیمیکل ڈور اور پتنگیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی شہری کے بھائی کی مدعیت میں گرفتار ملزمان کے خلاف اقدام قتل اور کائیٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔