امریکی صنعتکار اور پیداواری شعبے کے افراد پاکستان میں سرمایہ کاری کریں رضوان سعید شیخ

 پاکستانی قیادت اور عوام دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کیلئے پرعزم،مسائل کا سفارتی حل ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے
  واشنگٹن(آئی این پی ) امریکہ  میں   پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ   افغانستان میں موجود دہشت گرد عناصر کی کارروائیوں کی قیمت پاکستانی عوام نے اپنے خون سے ادا کی ہے،  پاکستانی قیادت اور عوام دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،مسائل کا سفارتی حل پاکستان کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے، پاک امریکہ  تعلقات کی نوعیت محض اختیاری یا وقتی نہیں بلکہ ان تعلقات کی پائیداری مستقبل کی ایک اہم ضرورت ہے ۔ان خیالات کااظہار سفیر پاکستان نے  امریکا کے معروف تھنک ٹینک کے ممبران سے ملاقات  میں کیا ، جس میں امریکا کے فکری حلقوں کے اہم  نمائندوں نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران پاک امریکا دوطرفہ تعلقات کے علاوہ عالمی اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ سفیر پاکستان نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور کے حوالے سے پاکستان کا نقطہ نظر امریکی فکری برادری کے سامنے پیش کیا۔اس موقع پر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ 2025 پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے اہم تبدیلیوں کا سال تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور امریکا کے مابین بہتر تعلقات کی نوعیت محض اختیاری یا وقتی نہیں بلکہ ان تعلقات کی پائیداری مستقبل کی ایک اہم ضرورت ہے