پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا آغاز سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں دینگے:اسحاق ڈار صوبائی حکومتوں کی عالمی سرمایہ کاروں کو معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت

خیبرپختونخوا میں معدنی ذخائر کی تلاش اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں:گورنر فیصل کریم کنڈی ‘ گلگت بلتستان میں مختلف قیمتی دھاتوں اور پتھروں کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں:وزیر اعلی  امجد حسین
 آزاد کشمیر قدرتی وسائل اور قیمتی معدنی ذخائر سے مالا مال ہے،  یاقوت کے بڑے ذخائر موجود ہیں:وزیراعظم آزاد کشمیر‘ون ونڈو آپریشن اور بیوروکریسی کی رکاوٹیں ختم کی جائیںگی‘تمام سہولتیں دیں گے:وزیراعلی بلوچستان
پنجاب کے دریاؤں میں قدرتی طور پر بہنے والا خالص سونا موجود ہے‘صوبے میں کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ اور راک سالٹ کے ذخائر موجود ہیں:وزیراعلی مریم نواز‘پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی ‘آن لائن)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے پاکستان اپنی معاشی ترقی کے اہم مرحلے پر کھڑا ہے،  معدنی شعبے میں دیرپا شراکت داری کے عزم پر عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد قابل تحسین ہے،پاکستان کا مقصد صرف معدنیات نکال کر خام شکل میں برآمد کرنا نہیں، بلکہ پاکستان کی پوری معدنی ویلیو چین کو ترقی دینا ہے،پالیسیاں بہتر کرکے پاکستان کے منرل سیکٹر کو مزید بہتر بنایا جاسکتاہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے  پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا   پاکستان میں منرلز اور مائننگ سیکٹر میں بہت صلاحیت ہے، پالیسیاں بہتر بناکر اور عالمی سرمایہ کاری کو راغب کرکے پاکستان کے منرل سیکٹر کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے، عالمی سرمایہ کاروں کو منرل سیکٹرمیں سرمایہ کاری کیمواقع فراہم کررہے ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں منرلز کی تلاش میں سرمایہ کاری کریں۔انہوں نے پاکستان میں آنے والے تمام سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سب سے بڑی ترجیح سرمایہ کاروں کو سکیورٹی فراہم کرنا ہے، ہم سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن دینگے۔وزیر اعلی گلگت بلتستان سید امجد حسین نے کہا  گلگت بلتستان میں مختلف قیمتی دھاتوں اور پتھروں کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، تاہم علاقے کا ایک بڑا مسئلہ رابطہ کاری اور کنکٹیویٹی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی نے کہا کہ سیمنٹ، کوئلے اور باکسائٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان اور دنیا بھر کے سرمایہ کار اس سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا  آزاد کشمیر قدرتی وسائل اور قیمتی معدنی ذخائر سے مالا مال ہے، جہاں یاقوت کے بڑے ذخائر موجود ہیں، جبکہ گرینائٹ، ٹورملین اور پکھراج جیسے قیمتی پتھر بھی پائے جاتے ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں سیمنٹ کی صنعت، کوئلے اور باکسائٹ کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے،وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سکیورٹی اور کاروبارکیلئے   سازگار ماحول فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سہولت کاری کیلئے پرعزم ہے‘ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ سکیورٹی فورسز بھی سرمایہ کاروں کے تحفظ کی صلاحیت اور عزم رکھتی ہیں۔۔وزیراعلی بلوچستان نے سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ صوبے میں انہیں سرکاری محکموں کی غیر ضروری رکاوٹوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ ان کے مطابق سرمایہ کاری میں سہولت کے لئے ون ونڈو آپریشن کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔فورن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا  صوبے کے دریاؤں میں خالص سونے کے وافر ذخائر کے شواہد مل گئے ہیں۔ پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے، پنجاب کے دریاؤں میں قدرتی طور پر بہنے والا خالص سونا موجود ہے۔ پنجاب میں کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ اور راک سالٹ کے ذخائر موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے دریاؤں میں سونے کی مقدار معلوم کرنے کے لیے سروے جاری ہیں ، دریاؤں میں سونے کے وافر ذخائر کے شواہد ملے ہیں۔