کینیڈین وزیر خارجہ کی وزیراعظم‘فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں، تجارت ‘سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستانہ تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری ، ایگری فوڈز، ویکسین سازی، قابل تجدید توانائی، آٹو پارٹس کے شعبوں میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے:شہبازشریف
کینیڈا میں مقیم پاکستان برادری ہمارے تعلقات کا قیمتی اثاثہ ہے:اسحاق ڈار کی ملاقات میں گفتگو‘وزیرداخلہ محسن نقوی سے کینیڈا کی وزیر خارجہ کی ملاقات،تعاون کے فروغ کے ایم اویو پر جلد دستخط پر اتفاق
روزگار کے مواقع کی فراہمی اور پائیدار معاشی ترقی کیلئے منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے، جدید ریلوے نظام معاشی ترقی اور علاقائی تجارت کیلئے ناگزیر ہے :شہبازشریف کی احسن اقبال سے ملاقات‘اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی ‘آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف سے کینیڈین وزیر خارجہ کی ملاقات کے دوران تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر اعظم شہباز شریف سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے وزیر اعظم ہاس میں ملاقات کی. جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ اور دیگر اعلی حکام بھی شریک تھے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کینیڈین وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستانہ تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ایگری فوڈز، ویکسین سازی، قابل تجدید توانائی، آٹوموبائل اور آٹو پارٹس کے شعبوں میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔شہباز شریف نے کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا اور کہا کہ وہ ان سے جلد ملاقات کے خواہاں ہیں۔ مہمان وزیرخارجہ نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کا معاہدہ پاکستان میں کینیڈین سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے اہم ثابت ہوگا۔۔پاکستان کو کینولا کی درآمد کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی۔پاکستان اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے ، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان فعال سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے،کینیڈا میں مقیم پاکستان برادری ہمارے تعلقات کا قیمتی اثاثہ ہے۔ کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کی وزارت داخلہ آمدہوئی جہاں انہوں نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک کینیڈا تعلقات، تجارت، سکیورٹی اور باہمی روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں دونوں وزراء نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایم او یو پر جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا‘کینیڈا کی وزیرخارجہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی‘علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا اولین ترجیح ہے،ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے۔وزیراعظم سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے ملاقات کی، جس میں ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی)کے تحت منصوبوں کی پیش رفت اور آئندہ کے ترقیاتی اہداف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا‘وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ریلویز کے ٹرانسفارمیشن پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ جدید، محفوظ اور مؤثر ریلوے نظام ملکی معیشت، تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔