غیرملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں:رضوان سعید شیخ

مریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ،حکومت تجارت کے حجم کو مزید وسعت دینے کے لئے پرعزم ہے 
امریکا میں پاکستانی سفیرکی زیر صدارت لاس اینجلس میں رائونڈ ٹیبل کانفرنس ، بزنس لیڈرز سے ملاقات میں گفتگو
 لاس اینجلس(آئی این پی )امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے صنعتی انفراسٹرکچر، نوجوان افرادی قوت اور مسابقتی منڈی تک رسائی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، امریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی  ہے، 2024میں دوطرفہ تجارت کا حجم 7.5بلین امریکی ڈالر تھا،پاکستان کی امریکا کو برآمدات اس کی عالمی ترسیل کا تقریبا ً20فیصد ہیں،حکومت پاکستان  تجارت کے حجم کو مزید وسعت دینے کے لئے پرعزم ہے ۔ امریکا میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ ریاست کیلیفورنیا کے دورے پر ہیں جہاں ان کی منتخب رہنمائوں، بزنس لیڈرز اور کمیونٹی شخصیات سے ملاقات ہوئی ہے۔ رضوان سعید شیخ کی زیر صدار ت لاس اینجلس میں رائونڈ ٹیبل کانفرنس منعقد ہوئی جس میں سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل خانے کی جانب سے منعقدہ اس اعلیٰ سطح بزنس رائونڈ ٹیبل کانفرنس میں امریکی کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اوربزنس ایگزیکٹوز کو پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بات کے لئے مدعو کیا گیا۔اپنے خطاب میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے صنعتی انفراسٹرکچر، نوجوان افرادی قوت اور مسابقتی منڈی تک رسائی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے پاکستانی معیشت کی بہتری اور عالمی سطح پر حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہے جانے کے رجحان سے بھی شرکا ء کو آگاہ کیا۔