فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل سلجوق بایراکتاروغلو کی ملاقات ‘خطے اور عالمی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال
ترک جنرل سٹاف کی پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف ،تربیت، مشترکہ فوجی مشقوں اور دفاعی تعاون مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ
راولپنڈی( آن لائن )آرمی چیف و چیف اف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بایراکتاروغلو نے ملاقات کی، فیلڈ مقرشل نے ترک مسلح افواج کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل تعاون اور حمایت کو سراہتے ہوئے دفاعی اور عسکری سطح پر تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،، آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر ترک کمانڈر کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور عالمی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پاک–ترکی دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی، دونوں جانب سے پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی موجودہ مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور قریبی رابطہ کاری کے تسلسل پر زور دیا گیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد اور مضبوط عوامی روابط پر مبنی قرار دیا، ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلچوق بایراکتاروغلو نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور نظم و ضبط کی تعریف کی، انہوں نے تربیت، مشترکہ فوجی مشقوں اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں دفاعی تعاون مزید گہرا کرنے کے ترکی کے عزم کا اعادہ کیا، یہ دورہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری اور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لئے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے