فیلڈ مارشل سے کویتی وزیردفاع کی ملاقات ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات مضبوط بنانے، پائیدار اور باہمی مفاد پر مبنی دفاعی شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اور کویت  میں دفاعی تعاون کا نیا معاہدہ پاک فوج کویتی مسلح افواج کی تربیت و سرحدی دفاع میں معاونت فراہم کرے گی 
 وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے کویتی ہم منصب    شیخ عبداللہ علی عبداللہ کی  ملاقات، پروٹوکول معاہدہ 2026 پر دستخط‘پاکستان اور کویت نے دفاعی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا
پروٹوکول معاہدہ پاکستان اور کویت کے درمیان گہرے اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ تذویراتی مفادات کا عکاس ہے‘، پاکستان اور کویت کے دفاعی تعاون سے باہمی سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کو فروغ ملے گا:ترجمان وزارت دفاع
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی)پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کا نیا معاہدہ طے پا گیا، پاکستان اور کویت نے دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے پروٹوکول ایگریمنٹ 2026ء￿  پر دستخط کر دیے۔  کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے وزارت دفاع راولپنڈی میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعلقات اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا بعدازاں نئے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔نئے معاہدے سے 2023ء￿  کے دفاعی تعاون معاہدے کے تحت قائم فوجی تعاون کے موجودہ فریم ورک کو مزید وسعت ملے گی۔ معاہدے کے تحت پاک فوج کویتی مسلح افواج کو تربیت، استعداد کار میں اضافے، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طور پر طے شدہ شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی۔ ترجمان وزارت دفاع کے مطابق پاکستان اور کویت نے پروٹوکول معاہدہ 2026 پر دستخط کر دئیے، پروٹوکول معاہدہ 2026 سے پاکستان اور کویت کے درمیان 2023 کے دفاعی تعاون معاہدے کے تحت فوجی تعاون کا فریم ورک مزید مضبوط ہوگا،معاہدے کے تحت پاک فوج کویت کی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی،معاونت میں تربیت، استعداد کار میں اضافے اور سرحدی انتظام سمیت دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طے شدہ شعبے شامل ہیں۔   ترجمان نے  کہا کہ پاکستان اور کویت نے دفاعی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،پروٹوکول معاہدہ پاکستان اور کویت کے درمیان گہرے اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ تذویراتی مفادات کا عکاس ہے، پاکستان اور کویت کے دفاعی تعاون سے باہمی سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کو فروغ ملے گا ۔ ۔قبل ازیںکویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی سربراہی میں اعلی سطح کے   وفد  نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، کویت کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی وفد میں شامل تھے،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور کویت نے ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،پاکستان اور کویت نے باہمی مفاد پر مبنی دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہارکیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کویتی وفد کی علاقائی امن و استحکام کیلئے پاک مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل مہارت اور گراں قدر خدمات کو سراہا،پاکستان اور کویت نے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط، پائیدار اور باہمی مفاد پر مبنی دفاعی شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔