پاکستان اور چین آہنی بھائی،‘ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور لازوال دوستی پر مبنی ہیں، قیصر احمد شیخ

 مضبوط ثقافتی روابط پائیدار اقتصادی شراکت داری کی بنیاد ، بورڈ آف انویسٹمنٹ پاک چین اقتصادی تعاون کے فروغ  کیلئے پرعزم ہے
اسلام آباد (آن لائن)  وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے پاکستان اور چین کو ’’آہنی بھائی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور لازوال دوستی پر مبنی ہیں وفاقی وزیر نے  اسلام آباد میں چائنا میڈیا گروپ اور نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے منعقدہ اسپرنگ فیسٹیول میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا مقصد ثقافتی ہم آہنگی، دوستی اور پاک چین تعلقات کو اجاگر کرنا تھا۔وزیر نے ’’گھوڑے کے سال‘‘ کی آمد پر چینی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ گھوڑا عزم، طاقت، رفتار، استقامت اور کامیابی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات عوامی روابط اور ثقافتی ہم آہنگی کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ثقافتی تبادلے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔قیصر احمد شیخ نے پاکستان اور چین کو ’’آہنی بھائی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور لازوال دوستی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے چین کی معاشی ترقی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ معیاری تعلیم، ہنر اور ٹیکنالوجی میں پیش رفت کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مضبوط ثقافتی روابط پائیدار اقتصادی شراکت داری کی بنیاد ہیں اور بورڈ آف انویسٹمنٹ پاک چین اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے