گوادر،کراچی کی بندرگاہیں ازبکستان کو عالمی تجارتی منڈیوں تک رسائی فراہم کر سکتی ہیں
لاہور (سپیشل رپورٹر)قائم مقام اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے اسپیکر نورالدین اسماعیلوف کی سربراہی میں ازبکستان کی اولی مجلس کے پارلیمانی وفد سے اسپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائیف بھی شریک تھے۔ملاقات کے دوران دوطرفہ پارلیمانی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی تعاون سمیت اہم عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر قائم مقام اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی ڈپلومیسی ریاستوں کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا ذریعہ ہے۔ قائم مقام اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ ازبکستان پاکستان کی جغرافیائی اور تجارتی حیثیت سے بڑے پیمانے پر فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ گوادر اور کراچی کی بندرگاہیں ازبکستان کو عالمی تجارتی منڈیوں تک رسائی فراہم کر سکتی ہیں۔قائم مقام اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے مزید کہا کہ بھارتی جارحیت کا پاکستان نے مؤثر اور بھرپور جواب دیا ہے۔