فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سعودی عرب کے سفیر کی ملاقات‘مکہ دفاعی معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا
راولپنڈی (آن لائن)سعودی عرب کے پاکستان میں نو متعین شدہ سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقامی نے راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،،آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران 'مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ' کے تحت ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور دفاعی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے سعودی سفیر کو ان کی تعیناتی پر مبارکباد دی اور اس امر کا اظہار کیا کہ ان کی مدتِ تعیناتی پاکستان اور مملکتِ سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگی، دونوں ممالک کے یہ تعلقات مشترکہ عقیدے، باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت داری پر مبنی ہیں