جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے شمال میں واقع سیٹاما پریفیکچر میں ایک عجیب اور سنگین حادثہ پیش آیا، جب ایک ٹرک اچانک سڑک پر پیدا ہونے والے گڑھے (سنک ہول) میں گر گیا۔
یہ واقعہ منگل کو پیش آیا، جب 74 سالہ ٹرک ڈرائیور کے ہمراہ تین ٹن وزنی ٹرک گڑھے میں جا گرا۔مقامی حکام کے مطابق گڑھا ابتدا میں معمولی تھا، لیکن وقت کے ساتھ اس کا سائز بڑھتا گیا اور اب یہ گڑھا 40 میٹر تک چوڑا ہو چکا ہے۔ اس کی وجہ سے ٹرک کا ڈرائیور سنک ہول میں پھنس چکا ہے، اور ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے اس کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس آپریشن کو اب 4 دن ہو چکے ہیں، اور یہ علاقے میں سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔اس حادثے کے نتیجے میں متاثرہ علاقے میں مزید مسائل بھی پیدا ہو گئے ہیں۔
200 سے زائد گھرانوں کو علاقے سے نکالنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی مزید حادثے سے بچا جا سکے۔ اس کے علاوہ، مقامی حکام نے تقریباً 12 لاکھ رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نہانے اور کپڑے دھونے سے گریز کریں۔ اس کا مقصد گندے پانی کو کم کرنا ہے، جو ریسکیو آپریشن میں رکاوٹ پیدا کر رہا ہے اور آپریشن کی رفتار سست کر رہا ہے۔ریسکیو اور امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، اور حکام نے یقین دلایا ہے کہ اس حادثے کے تمام اثرات کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یہ واقعہ نہ صرف ٹریفک اور سڑک کی تعمیر کے حوالے سے تشویش کا باعث ہے، بلکہ اس علاقے کے رہائشیوں کے لیے بھی ایک مشکل صورتحال پیدا کر رہا ہے۔