جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے ایک شاپنگ مال میں پراسرار تیز بدبو پھیلنے سے 15 سے زائد افراد کی طبیعت خراب ہوگئی۔
جاپانی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ شاپنگ مال کی پہلی منزل پر واقع ایک بینک کے اے ٹی ایم ایریا کے قریب پیش آیا، جہاں موجود متعدد افراد نے گلے میں جلن اور سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کی۔واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ تاہم کسی کی حالت تشویشناک نہیں بتائی گئی۔پولیس اور ٹوکیو فائر ڈیپارٹمنٹ نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام اس امکان کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ ممکنہ طور پر کسی شخص نے وہاں کوئی نامعلوم کیمیکل یا مادہ اسپرے کیا ہو جس سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ابتدائی طور پر واقعے کی نوعیت مشکوک قرار دی جا رہی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اصل وجہ سامنے آ سکے۔