ٹوکیو سے ہیوسٹن جانے والی پرواز میں ہنگامہ برپا ہوگیا جب ایک مسافر نے دورانِ پرواز ایمرجنسی دروازہ کھولنے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے جہاز کو امریکی شہر سیئٹل میں لینڈ کرنا پڑا۔
واقعہ جاپان کے ہنیڈا ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر پر پیش آیا، جو تقریباً 10 گھنٹے کی پرواز کے بعد صبح 4 بجے سیئٹل ٹاکوما انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری۔ترجمان کے مطابق جہاز کے عملے اور دیگر مسافروں نے فوری طور پر مل کر اس شخص کو قابو میں کیا، اور لینڈنگ کے بعد پولیس اور ایف بی آئی نے اسے اسپتال منتقل کر کے ذہنی معائنہ کروایا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی مسافر یا عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔مزید برآں، لینڈنگ کے بعد ایک اور مسافر مشتعل ہو گیا اور اس نے بیت الخلا کے دروازے پر مکا مارا کیونکہ وہ پرواز کے موڑنے پر ناراض تھا۔
امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے مسافروں کے غیر مہذب رویے کے خلاف سخت زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی ہوئی ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں ایسے واقعات کی تعداد کم ہوئی ہے، مگر اب بھی یہ مسئلہ تشویش کا باعث ہے۔2021 میں 6 ہزار سے زائد ایسے واقعات رپورٹ ہوئے تھے جو 2023 میں کم ہو کر 2 ہزار رہ گئے تھے، مگر ایئر لائنز اور حکام اب بھی مسافروں کے رویے پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ پروازوں کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔