جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ایک 44 سالہ شخص نے ہائی اسکول کے 2 طلبہ پر ہتھوڑے سے حملہ کر دیا اور بعد ازاں پولیس اہلکاروں پر اسپرے چھڑک کر فرار ہو گیا، واقعے میں طلبہ سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خوفناک واقعہ بدھ کی صبح ٹوکیو کے مغربی علاقے فوسا کی ایک سڑک پر پیش آیا جہاں اچانک ایک مشتعل شخص نے سڑک کنارے کھڑے دو ہائی اسکول طلبہ کو نشانہ بنایا۔حملے کے نتیجے میں ایک طالب علم کے چہرے پر شدید چوٹ آئی جبکہ دوسرے کے کندھے پر زخم آئے۔ دونوں زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور کی عمر تقریباً 44 برس ہے اور وہ بغیر کسی پیشگی جھگڑے کے اچانک طلبہ پر ٹوٹ پڑا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعے کا آغاز اس وقت ہوا جب حملہ آور کی والدہ نے سڑک پر موجود طلبہ کو خاموش رہنے کے لیے کہا، تاہم بات نہ ماننے پر ملزم مشتعل ہو گیا اور ہتھوڑا اٹھا کر دونوں نوجوانوں پر حملہ کر دیا۔واقعے کے فوراً بعد ایک مقامی شہری نے ایمرجنسی سروس کو اطلاع دی کہ ایک شخص ہتھوڑے کے ساتھ لوگوں پر حملہ آور ہے۔
رپورٹس کے مطابق پولیس جب موقع پر پہنچی اور ملزم کی والدہ سے بات چیت کر رہی تھی تو اسی دوران حملہ آور نے گھر سے لایا گیا چاقو نکال کر اہلکاروں کو دھمکانے کی کوشش کی۔بعدازاں اس نے پولیس پر نامعلوم اسپرے چھڑک دیا جس سے 3 اہلکار متاثر ہوئے اور اسی ہنگامے میں ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔مقامی پولیس نے فوری طور پر ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے ہتھوڑا، چاقو اور اسپرے برآمد کر لیا گیا، تاہم ملزم گھر کے پچھلے دروازے سے فرار ہو چکا تھا۔سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس نے قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔