ٹوکیو: ایڈوگاوا میں تعمیراتی مقام پر دھماکا، 10 افراد زخمی

ٹوکیو: ایڈوگاوا میں تعمیراتی مقام پر دھماکا، 10 افراد زخمی

ٹوکیو کے علاقے ایڈوگاوا وارڈ کے ہگاشی کاسائی میں منگل کی صبح ایک تعمیراتی مقام پر اچانک زوردار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا صبح 9:30 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک تعمیراتی گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ دھماکا زیرِ زمین گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچنے کے باعث ہوا۔زخمیوں میں تعمیراتی کارکنان اور قریبی رہائشی افراد شامل ہیں، جن کی عمریں 20 سے 70 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم بعض افراد نے دھوئیں کے باعث گلے میں جلن کی شکایت کی ہے۔دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے اور شٹرز بھی ٹوٹ گئے جبکہ پورے علاقے میں سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 30 سے زائد گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور تقریباً 90 منٹ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹ نے علاقے کو محفوظ بنا کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ دھماکے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔مزید پیش رفت کا انتظار ہے، تاہم مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو علاقے سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔