چند بلاک غیر آباد ہونے کے سبب سکیم کا بنیادی انفراسٹرکچر تباہ ہو نے لگا
لاہور (خصوصی رپورٹ)ایل ڈی اے ایونیو ون ہائوسنگ سکیم وقت گزرنے کے ساتھ اتھارٹی کی ترجیحات سے نکلنے لگی، سکیم کے2بلاک میں الاٹیوں کو قبضے دینے کا معاملہ التوا کا شکار ہے،'کے' اور 'ایل' بلاک کا قبضہ نہ مل سکا۔ شعبہ انجینئرنگ نے بھی ایونیو ون سکیم میں کام کی رفتار کو سست کر دیا۔تفصیل کے مطابق ایل ڈی اے ایونیو ون ہائوسنگ سکیم کے چند بلاک غیر آباد ہونے اور ترقیاتی کام نہ کر انے کے سبب سکیم کا بنیادی انفراسٹرکچر تباہ حال ہو رہا ہے،جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے ہیں جبکہ واٹر سپلائی اور سیوریج کے مسائل بھی سراٹھا رہے ہیں،بنیادی انفراسٹرکچر نہ ہونے کے سبب لوگ سوسائٹی کا رخ کرنے کو تیار نہیں ۔ ایونیو ون کے 6 بلاک میں سڑکوں کی تعمیر سمیت دیگر انفراسٹرکچر بچھانے کا کام جاری ہے۔ ایل ڈی اے نے ایونیو ون میں 850 کنال اراضی کا قبضہ حاصل کیا ہے۔