حکومت عوام کو بہتر سہولیات فراہمی کیلئے پْرعزم :سپیکر ایاز صادق کاخطاب
لاہور (خصوصی رپورٹ )لیسکوکے زیرِ اہتمام ایئر ایونیو گرڈ سٹیشن اور برکی لاہور میں 11 کے وی پڈھانہ-II فیڈر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بطورمہمانِ خصوصی شرکت کی۔ممبر صوبائی اسمبلی ملک غلام حبیب اعوان بھی موجود تھے۔لیسکو ترجمان کے مطابق اس منصوبے سے قبل 11 کے وی پڈھانہ فیڈر 132 کے وی غازی گرڈ سٹیشن سے منسلک تھا اور400 ایمپیئر لوڈ پر چل رہا تھاجس سے وولٹیج ڈراپ اور لائن لاسز میں اضافہ ہو رہا تھا۔ نظام کی بہتری کیلئینیا 11 کے وی پڈھانہ-II فیڈر بنا کر اسے 132 کے وی ایکس ایئر ایونیو گرڈ سٹیشن سے منسلک کیا گیا جس سے بجلی کی ترسیل کا نظام مو ثر ہو گیا ہے۔اس نئے فیڈر سے پڈھانہ ویلیج، رام پورہ چھوٹا، رام پورہ بڑا، سرجا مرجا، گنیاکے ڈیرے، بابا عمر دین کا ڈیرہ اور پٹھانکے سمیت متعدد علاقوں کو بہتر بجلی فراہمی ممکن ہو گی۔ علاقوں مکینوں کو کم وولٹیج، ٹرپنگ اور بجلی کی غیر یقینی صورتحال سے ریلیف ملے گا۔ منصوبے پر 3 کروڑ 44 لاکھ 46 ہزار روپے لاگت آئی ہے۔ ایاز صادق نے تقریب سے خطاب میں کہا حکومت عوام کو بہتر سہولیات فراہمی کیلئے پرعزم ہے ۔ لیسکو چیف رمضان بٹ کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے لائن لاسز میں کمی اور وولٹیج میں بہتری آئیگی، صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جا سکے گی۔ تقریب میں لیسکو کے جی ایم ٹیکنیکل رائے اصغر، چیف انجینئر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ فیصل زکریا ودیگرافسروں نے شرکت کی۔