ویب ڈیسک: اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب نے حکومت پر آزادی اظہار رائے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے، اور پیکا ایکٹ کو مسترد کرنے کا اعلان کیا۔
سرگودھا میں عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ حکومت نے صحافت اور آزادی اظہار پر قدغن لگا رکھی ہے، جس کے باعث میڈیا کھل کر نہ تو لکھ سکتا ہے اور نہ ہی بات کر سکتا ہے۔ انہوں نے پیکا ایکٹ کی مکمل مخالفت کی اور کہا کہ تحریک انصاف عوام اور میڈیا کے ساتھ کھڑی ہے۔عمر ایوب نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں نے مہنگائی میں اضافہ کیا ہے اور انہوں نے پیپلز پارٹی پر سندھ کے لوگوں کے مفادات کا سودا کرنے کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا امریکا میں اقتدار کی تبدیلی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔عمر ایوب نے سیاسی بحران کے ذمہ دار سکندر سلطان راجہ کو قرار دیا اور کہا کہ پارلیمانی کمیٹی بنانے کے لیے ان کے خط کا ابھی تک وزیراعظم کی طرف سے جواب نہیں آیا۔ انہوں نے 8 فروری کو صوابی میں ہونے والے جلسے کے لیے بھرپور تیاری کا اعلان کیا۔