شمالی وزیرستان: فورسز کا آپریشن، 6 خوارج ہلاک، میجر اور سپاہی شہید

ضلع میر علی میں آپریشن کیا گیا‘ شہید 29 سالہ میجر حمزہ اسرار کا تعلق راولپنڈی اور 26 سالہ سپاہی محمد نعیم کا تعلق نصیر آباد سے ہے
 میجر حمزہ اسرارکی نماز جنازہ راولپنڈی گیریژن میں ادا ‘ وزیراعظم ،نائب وزیر اعظم ،آرمی چیف ‘وزیردفاع ،وفاقی وزیر اطلاعات  کی شرکت
 راولپنڈی (آئی این پی )سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کر کے 6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجرسمیت 2 جوان شہید  بھی ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 6 خواج ہلاک ہوگئے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید ہوئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم شامل ہیں، 29 سالہ میجر حمزہ اسرار کا تعلق راولپنڈی اور 26 سالہ سپاہی محمد نعیم کا تعلق نصیر آباد سے تھا‘دریں اثناء  میجر حمزہ اسرار شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق میرعلی میں مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر حمزہ اسرار شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔  میجر سمیت 2 جوان شہیدنماز جنازہ میں سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران اور شہید کے لواحقین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق بہادر شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی اعلی قربانیاں قومی عزم کو تقویت دیتی ہیں، آنے والی نسلوں کے لیے پرامن اور محفوظ پاکستان کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی یقین کو تقویت دیتی ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف پرعزم جنگ میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ کے بعد شہید میجر حمزہ اسرار کے جسد خاکی کو ان کے آبائی گاں پہنچا دیا گیا ہے، جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا