راولپنڈی(آئی این پی) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 14 خوارج مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع دتہ خیل کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جو فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پرکیاگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے، سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت ہم دہشتگردی کی عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔۔صدر نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی، ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔ دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔