سیکیورٹی فورسز نے بنوں جانی خیل، جنوبی اور شمالی وزیرستان میں کارروائیاں کیں، 8 خوارج زخمی حالت میں گرفتار
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)یکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں تین آپریشنز کے دوران 13 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 31 سالہ میجر نے جام شہادت نوش کرلیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلا آپریشن ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور دو خوارج کو ہلاک کر دیا۔دوسرا آپریشن شمالی وزیرستان میں کیا گیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ خوارج مارے گئے اور آٹھ زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔اس آپریشن میں بہادری سے قیادت کرنے والے 31 سالہ میجر محمد اویس (ضلع نارووال کے رہائشی) نے جام شہادت نوش کیا۔ تیسرا آپریشن جنوبی وزیرستان میں کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے چھ خوارج کو ہلاک اور آٹھ کو زخمی کر دیا۔