امریکی ڈرامہ سیریز ’دی وائر‘ اور سیاسی طنزیہ شو ’ویپ‘ میں اپنی شاندار اداکاری کے لیے مشہور امریکی اداکار عیسیٰ وٹلاک 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کی تصدیق ان کے منیجر برائن لیبمین نے کی، جس میں بتایا گیا کہ وہ نیویارک میں ایک مختصر علالت کے بعد وفات پا گئے۔ عیسیٰ وٹلاک کو خاص طور پر دی وائر میں بدعنوان ریاستی سینیٹر کلی ڈیوس کے کردار سے عالمی شہرت حاصل ہوئی۔ انہوں نے اس سیریز کے پانچوں سیزنز میں مجموعی طور پر 25 اقساط میں کام کیا اور اپنے جاندار مکالموں اور منفرد اندازِ اداکاری کے باعث ناظرین میں بے حد مقبول رہے۔مشہور فلم ساز اسپائک لی نے اپنے دیرینہ ساتھی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا نقصان ہے اور وہ انہیں اپنی پوری زندگی یاد رکھیں گے۔ عیسیٰ وٹلاک نے اسپائک لی کی کئی فلموں میں کام کیا، جن میں شی ہیٹ می (2004)، ریڈ ہُک سمر (2012)، چی-ریک (2015)، بلیک کلانس مین (2018) اور ڈا فائیو بلڈز (2020) شامل ہیں۔
انڈیانا کے شہر ساؤتھ بینڈ میں پیدا ہونے والے وٹلاک نے فٹ بال کیریئر انجری کے بعد ساؤتھ ویسٹ منی سوٹا اسٹیٹ یونیورسٹی سے تھیٹر کی تعلیم حاصل کی، اور بعد ازاں سان فرانسسکو منتقل ہو کر اسٹیج تھیٹر میں کام کا آغاز کیا۔ انہوں نے 1980 کی دہائی کے آخر میں ٹیلی وژن پر چھوٹے کرداروں سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا، جس میں کیگنی اینڈ لیسی شامل ہے، اور فلمی دنیا میں گڈفیلاز اور گریملنز 2: دی نیو بیچ جیسی فلموں میں مختصر مگر یادگار کردار ادا کیے۔دی وائر کے بعد عیسیٰ وٹلاک نے HBO کی مشہور سیاسی طنزیہ سیریز ویپ میں بھی کام کیا، جہاں انہوں نے تین سیزنز تک سیکریٹری آف ڈیفنس جارج میڈوکس کا کردار نبھایا، جو صدارتی امیدوار سیلینا میئر کے سخت حریف کے طور پر سامنے آیا۔