جنوبی کوریا کے ممتاز فلمی اداکار آہن سنگ-کی، جنہیں ان کی طویل اور شاندار فنی خدمات کے اعتراف میں ’قوم کا اداکار‘ کہا جاتا تھا، 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ان کی وفات کا اعلان ایجنسی آرٹسٹ کمپنی اور سیئول کے سونچُن ہیانگ یونیورسٹی اسپتال کی جانب سے کیا گیا۔ اداکار طویل عرصے سے خون کے کینسر میں مبتلا تھے۔1952 میں جنوبی کوریا کے شہر ڈےگو میں پیدا ہونے والے آہن سنگ-کی نے صرف پانچ برس کی عمر میں 1957 کی فلم ’دی ٹوائلائٹ ٹرین‘ کے ذریعے بطور چائلڈ ایکٹر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ بطور کم عمر اداکار انہوں نے تقریباً 70 فلموں میں کام کیا اور بعد ازاں فلمی دنیا کو خیرباد کہہ کر عام زندگی اختیار کی۔1970 میں انہوں نے سیئول کی ہانکُک یونیورسٹی آف فارن اسٹڈیز میں ویتنامی زبان میں داخلہ لیا اور نمایاں کامیابی کے ساتھ گریجویشن مکمل کی۔ تاہم ویتنام جنگ کے بعد بدلتی عالمی صورتِ حال کے باعث انہیں چند برس بے روزگاری کا سامنا رہا۔1977 میں آہن سنگ-کی نے دوبارہ فلمی دنیا میں واپسی کا فیصلہ کیا اور 1980 میں فلم ’گڈ، ونڈی ڈیز‘ میں مرکزی کردار نے انہیں غیر معمولی شہرت دلائی۔ اس فلم پر انہیں گرینڈ بیل ایوارڈز میں بہترین نئے اداکار کا اعزاز ملا، جو جنوبی کوریا کے سب سے معتبر فلمی ایوارڈز میں شمار ہوتا ہے۔آہن سنگ-کی نے 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں متعدد کامیاب اور تنقیدی طور پر سراہي گئی فلموں میں اداکاری کی، جن میں ’مندارا‘، ’وہیل ہنٹنگ‘، ’وائٹ بیج‘، ’ٹو کاپس‘، ’نو وئیر ٹو ہائیڈ‘، ’سِلمیدو‘ اور ’ریڈیو اسٹار‘ شامل ہیں۔
اپنے طویل کیریئر کے دوران انہوں نے جنوبی کوریا کے بڑے فلمی ایوارڈز میں 20 سے زائد اعزازات حاصل کیے، جن میں گرینڈ بیل ایوارڈز میں پانچ مرتبہ بہترین اداکار کا ایوارڈ شامل ہے، جو ایک ریکارڈ سمجھا جاتا ہے۔آہن سنگ-کی کو ایک عاجز، قابلِ اعتماد اور خاندانی اقدار کے حامل فنکار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ وہ اسکینڈلز سے دور رہے اور سادہ و باوقار زندگی گزارا۔ عوامی سرویز میں انہیں بارہا جنوبی کوریا کا سب سے محبوب اداکار قرار دیا گیا، جس کی بنا پر انہیں ’قوم کا اداکار‘ کا لقب ملا۔ان کے انتقال سے جنوبی کوریا کی فلمی صنعت ایک عہد ساز فنکار سے محروم ہو گئی ہے، اور مداح و ساتھی فنکار ان کے جانے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کر رہے ہیں۔