بھارتی سینئر اداکار اچیوٹ پوتدار 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

بھارتی سینئر اداکار اچیوٹ پوتدار 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

بھارتی شوبز انڈسٹری کے نامور اور سینئر اداکار اچیوٹ پوتدار 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی وجہ تاحال واضح طور پر سامنے نہیں آئی، تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ عمر سے متعلق پیچیدگیاں ان کی وفات کا سبب بنی ہیں۔

اچیوٹ پوتدار نے شوبز کیریئر کا آغاز نسبتاً بڑی عمر یعنی 44 برس کی عمر میں کیا، مگر اپنے ہنر، اداکاری اور منفرد انداز کی بدولت وہ جلد ہی فلم اور ٹی وی انڈسٹری میں پہچان بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران تقریباً 125 سے زائد فلموں اور 100 سے زیادہ ڈرامہ سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ان کی مشہور فلموں میں عامر خان کی بلاک بسٹر "تھری ایڈیٹس" شامل ہے، جس میں انہوں نے پروفیسر کا کردار ادا کیا۔ فلم میں ان کا ڈائیلاگ "کہنا کیا چاہتے ہو؟" نہ صرف ناظرین میں مقبول ہوا بلکہ سوشل میڈیا پر میمز کی صورت میں بھی طویل عرصے تک موضوعِ گفتگو رہا۔

شوبز میں قدم رکھنے سے پہلے اچیوٹ پوتدار نے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دیں۔ وہ بھارتی فوج میں کیپٹن کے طور پر بھی ذمہ داریاں ادا کر چکے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے Indian Oil میں تقریباً 25 برس ملازمت کی اور ریوا (مدھیہ پردیش) میں پروفیسر کے طور پر بھی فرائض انجام دیے۔

اچیوٹ پوتدار کی آخری رسومات 19 اگست 2025 کو ٹھانے (مہاراشٹر) میں ادا کی جائیں گی۔ ان کے انتقال پر بھارتی فلم و ڈرامہ انڈسٹری میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے، اور مداحوں کی بڑی تعداد انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔