انسدادِ سموگ آپریشن جاری، 519 ملزم گرفتار

 ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مختلف تھانوں میں 511 مقدمات درج : بلال صدیق 
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے سموگ کی روک تھام کے لیے جاری خصوصی مہم کے دوران رواں سال مختلف کارروائیوں میں 519 افراد کو گرفتار کیا ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شہر کے مختلف تھانوں میں 511 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ فیکٹریوں، دکانوں اور بھٹوں سے دھواں خارج کرنے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جن کے دوران 483 افراد کو گرفتار کیا گیاہے۔ترجمان کے مطابق ٹائر، پلاسٹک اور شاپنگ بیگز جلانے کے جرم میں 24 افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ فصلوں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ جلانے پر مزید12 افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ سموگ پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس انسدادِ سموگ مہم میں متعلقہ اداروں کے شانہ بشانہ سرگرمِ عمل ہے۔سی سی پی او لاہور نے مزید بتایا کہ آلودگی پھیلانے والی ٹرانسپورٹ کے خلاف بھی موثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور ٹریفک پولیس دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے اس امر پر زور دیا کہ فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے عوامی آگاہی اور تعاون نہایت اہم ہے۔