پاکپتن (خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن اور ڈپٹی کمشنر آصف رضا کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انسدادِ سموگ اقدامات اور ٹرانسپورٹ سہولیات کی نگرانی م ئوثر انداز میں جاری ہے۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے ساتھ شہریوں کو صاف ماحول اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز و سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی انصر علی نے وی آئی سی ایس (VICS) سینٹر پاکپتن کے اچانک معائنے کے دوران کیا۔ انہوں نے سینٹر میں عملے کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور مجموعی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انسدادِ سموگ ویڑن کے تحت ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ آر ٹی اے کی جانب سے جاری کارروائیوں کے دوران 66 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، 24 گاڑیوں کے چالان کیے گئے جبکہ چھ گاڑیاں بند کی گئیں۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کی فٹنس اور دھویں کے اخراج کی جانچ پڑتال باقاعدگی سے جاری رکھی جائے اور ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والی گاڑیوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی یقینی بنائی جائے۔