لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے فضائی و ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے بھرپور انسدادِ سموگ مہم شروع کر دی ہے۔ اس مہم کا مقصد شہری علاقوں میں سموگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کو کم کرنا اور ماحولیاتی معیار میں بہتری لانا ہے۔تفصیلات کے مطابق، سیف سٹی کی جدید کیمرا مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، کوڑا کرکٹ جلانے اور صنعتی آلودگی پھیلانے والے عوامل کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور ماحولیاتی اداروں کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق، لاہور میں نصب جدید ایئر کوالٹی مانیٹرنگ یونٹس سے حاصل شدہ ڈیٹا کی روشنی میں سموگ کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ ان علاقوں میں خصوصی ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں تاکہ فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔سیف سٹی اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سموگ پیدا کرنے والی سرگرمیوں سے اجتناب کریں، گاڑیوں کی مینٹیننس پر توجہ دیں اور فیکٹریوں میں ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنائیں۔عوامی حلقوں نے سیف سٹی اتھارٹی کی اس مربوط اور ٹیکنالوجی پر مبنی مہم کو سراہا ہے اور اسے ماحولیاتی تحفظ کے لیے ایک مثبت اور قابلِ تقلید قدم قرار دیا ہے۔