چینل ٹنل میں بجلی کی فراہمی میں اچانک خرابی کے باعث یورو اسٹار نے لندن سے پیرس، برسلز اور ایمسٹرڈیم جانے والی تمام ٹرینیں غیر معینہ مدت کے لیے منسوخ کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
لندن کے سینٹ پینکریاز اسٹیشن پر موجود عملے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے سفری منصوبے مؤخر کریں اور بعد کی تاریخ کے لیے دوبارہ بکنگ کروائیں۔ دوپہر تک برطانیہ، فرانس، بیلجیم اور نیدرلینڈز کے درمیان کم از کم ایک درجن یورو اسٹار سروسز منسوخ ہو چکی تھیں جبکہ متعدد ٹرینیں تاخیر یا روٹ میں تبدیلی کا شکار رہیں۔ نیشنل ریل کے مطابق یہ خلل دن کے اختتام تک جاری رہنے کا امکان ہے۔یورو اسٹار انتظامیہ کے مطابق چینل ٹنل میں اوور ہیڈ پاور سپلائی کے مسائل کے بعد لی شٹل کی ایک ٹرین خراب ہو گئی، جس کے باعث لندن آنے اور جانے والی تمام سروسز معطل کر دی گئیں۔ یورو اسٹار نے مسافروں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ بغیر کسی اضافی چارج کے اپنی بکنگ تبدیل کر سکتے ہیں، یا ٹکٹ منسوخ کر کے مکمل رقم واپس یا ای واؤچر حاصل کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب یورو ٹنل کی لی شٹل سروس، جو گاڑیوں کو فولک اسٹون اور کیلے کے درمیان لے جاتی ہے، بھی بجلی کے مسئلے کے باعث معطل رہی۔ فولک اسٹون میں مسافروں کو ساڑھے تین گھنٹے جبکہ کیلے ٹرمینل پر تقریباً تین گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔متاثرہ مسافروں نے معلومات کی کمی اور سہولیات نہ ملنے پر شکایات کیں۔ کئی خاندان گھنٹوں سے ٹرینوں اور گاڑیوں میں محصور رہے، اور بعض نے خوراک اور پانی کی قلت کی بھی اطلاع دی۔ لی شٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تکنیکی ٹیمیں بجلی کی فراہمی کے مسئلے کو حل کرنے میں مصروف ہیں اور صورتحال بہتر ہونے پر سروس بحال کر دی جائے گی۔