بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث ہیتھرو ایئرپورٹ بند، ہزاروں پروازیں منسوخ

بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث ہیتھرو ایئرپورٹ بند، ہزاروں پروازیں منسوخ

برطانیہ کے سب سے بڑے اور دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹ ہیتھرو (Heathrow Airport) کو ایک بڑے بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جس سے عالمی فضائی سفر شدید متاثر ہو رہا ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق، جمعہ 21 مارچ کی رات 11:59 بجے تک ہیتھرو ایئرپورٹ مکمل طور پر بند رہے گا۔

حکام نے مزید خبردار کیا ہے کہ اگلے چند روز تک مزید پروازوں کی منسوخی اور تاخیر متوقع ہے، اس لیے مسافروں کو ایئرپورٹ کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔یہ بحران جمعرات کی رات لندن کے مغربی علاقے ہیز (Hayes) میں ایک الیکٹریکل سب اسٹیشن میں آگ لگنے کے بعد پیدا ہوا، جس کے نتیجے میں پورے ایئرپورٹ کی بجلی منقطع ہو گئی۔ آگ بجھانے کے لیے 70 سے زائد فائر فائٹرز اور 10 فائر انجنز موقع پر پہنچے۔ لندن فائر بریگیڈ کے مطابق، 150 سے زائد افراد کو علاقے سے نکالا گیا اور 200 میٹر تک کا علاقہ سیل کر دیا گیا۔فلائٹ ریڈار 24 (FlightRadar24) کے مطابق، 1,350 سے زائد پروازیں متاثر ہو چکی ہیں، جبکہ 120 پروازیں پہلے ہی فضاء میں تھیں، جنہیں یا تو دوسرے ایئرپورٹس پر موڑ دیا گیا یا واپس بھیج دیا گیا۔

 قریبی ایئرپورٹس گیٹوک (Gatwick) اور اسٹینسٹڈ (Stansted) پہلے ہی مصروف تھے، جس کی وجہ سے بعض طیاروں کو گلاسگو (Glasgow) اور ایڈنبرا (Edinburgh) کے ایئرپورٹس پر اتارا گیا۔اس بحران نے ہیتھرو ایئرپورٹ کے ہنگامی منصوبوں پر سوالیہ نشان اُٹھا دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اتنے بڑے ایئرپورٹ کا بیک اپ پاور سسٹم نہ ہونا ایک تشویش ناک امر ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ صورتحال کو جلد از جلد بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر مسافروں کو مزید تاخیر اور مشکلات کے لیے تیار رہنا ہوگا۔فی الحال بجلی کی بحالی کی حتمی مدت نہیں بتائی گئی، جس سے ہزاروں مسافر اپنی پروازوں کی منسوخی اور دوبارہ شیڈولنگ کے باعث پریشان ہیں۔